بنگلورو، 27؍دسمبر(ایس او نیوز)کیبل مرمت کے کاموں کی وجہ سے قومی شاہراہ نمبر۔4پینیا ایلیو یٹیڈ ہا ئی وے(شیو کمار مہا سوامی جی فلائی اوور ٹمکور روڈ) پر ایک ہفتہ تک ٹرافک پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ اطلاع کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا(این ایچ اے آئی) کے افسروں نے سٹی ٹرافک پو لیس سے گزارش کی ہے کہ فلائی اوور کے پلر نمبر102اور103کے درمیان 8ویں میل،سواتی پٹرول بنک کے قریب کیبل کی مرمت کا کام شروع کرنے کے لئے ایک ہفتہ تک ٹرافک پر پابندی عائد کی جا ئے۔ اس سلسلہ میں سٹی ٹرافک پو لیس نے ہفتہ سے ہی اس فلائی اوور پر ٹرافک کو مکمل طور پر بند کردیا ہے اور متبادل انتظام کیا ہے۔ٹرافک پر پابندی کی وجہ سے سرویس روڈ میں بھاری ٹرافک کی وجہ سے موٹر گاڑی سواروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،بنگلور شہر سے ٹمکور کے ذریعہ باہر جانے والے اور شہر میں داخل ہو نے والی موٹر گاڑیوں کی قطاریں سرویس روڈ میں دیکھی گئیں۔اس روٹ میں یشونت پور،گور گنٹے پا لیہ،8ویں میل،داسرہلی کے اطراف واکناف سڑکوں میں ٹرافک کی وجہ سے ٹرافک پو لیس کو سخت محنت کرنی پڑ رہی ہے۔قومی شاہراہ نمبر۔4پینیا ایلیو یٹیڈ ہا ئی وے کے ذریعہ بنگلور شہر سے ٹمکور،ہاسن،چتر درگہ،ہبلی،دھارواڑ ہاویری، چکمگلورڈ منگلور، اڈپی، کاروار،شیموگہ سمیت ملناڈ ساحلی اضلاع اور شمالی کرناٹک کے اکثر اضلاع کے لئے رابط فراہم ہے۔ ایک ہفتہ تک اس فلا ئی اوور کو بند کرنے سے اس روٹ میں چلنے والی موٹر گاڑیوں کو طویل راستہ طے کرنا پڑے گا،اور متبادل راستہ کی نشاندہی کی وجہ سے اگلے ایک ہفتہ تک نائس روڈ پر زیادہ ٹرافک کے امکانات ہیں۔ باوثوق ذرائع نے بتا یا کہ فلائی اوور کی تعمیر انٹر لاک سسٹم کے تحت کی گئی ہے اور ایک پلر سے دوسرے پلر کے درمیان سلیاب مضبوط کرنے لوہے کے کیبل نصب کئے گئے ہیں جس میں سے ایک کیبل کمزور ہو نے کی وجہ سے فلائی اوور بند کیا گیا ہے۔